الوقت - یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی اعلی کونسل نے کہا ہے کہ یمن کے عوام ، ملک میں امریکا کی کسی بھی بہانے سے جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔
یمن کے المسيرۃ ٹی وی چینل کے مطابق، یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی اعلی انقلابی کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمنی عوام، فوج اور رضاکار فورس اپنے ملک میں کسی بھی بہانے امریکہ کی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔ اسی طرح اس کونسل نے امریکا کی جارحیت اور اس کے لئے اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ممالک کی خاموشی کو ذمہ دار قرار دیا۔
یمن کی اعلی انقلابی کونسل نے کہا کہ امریکی فوجیوں نے ایسی حالت میں یمن کے جنوبی علاقے العند ہوائی چھاؤنی پر قبضہ کیا ہے کہ جب کویت میں یمن پر غاصبانہ قبضے اور ناکہ بندی کے خاتمے اور یمنی عوام کی آزادی اور ان کو آزادی کا حق دلانے کے لئے سیاسی کوشش جاری ہے۔
یمنی ذرائع نے بتایا کہ امریکی فوج کا ایک طیارہ جنوبی یمن کی العند چھاؤنی پر اترا جس میں امریکی فوجی سوار تھے۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کی انقلابی کونسل نے امریکا کی جارحیت کو اس ملک کے داخلی مسئلے میں طویل مدتی اور سامراجی مداخلت کا سلسلہ قرار دیا۔ اس انقلابی کونسل نے زور دیا کہ یمن کے عوام، قومی آزادی، آزادی و خود مختاری کی وصول اور غیر ملکی مداخلت اور تسلط سے ملک کو آزاد کرانے کے لئے انقلاب لائے ہیں۔