الوقت - اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان اور ایک لڑکی کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔
ان دونوں کو اسرائیلی فوجیوں نے بدھ کی صبح اس وقت گولی ماری جب وہ شہر بیت المقدس کے شمال میں واقع قلنديہ پاس سے گزر رہے تھے۔
شہید ہونے والی فلسطینی خاتون کا نام مریم صالح ابو اسماعیل ہے جبکہ نوجوان کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے دونوں پر اچانک فائرنگ کر دی جس کے بعد دونوں زخمی ہوکر سڑک پر گر گئے اور ایک گھنٹے تک اسی طرح پڑے رہے جس کی وجہ سے ان کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔
اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایمبولینس اور طبی اہلکاروں کو ان کے قریب نہیں جانے دیا۔
ان دونوں کی موت کے بعد فلسطینی وہاں جمع ہو گئے جنہیں اسرائیلی فوجیوں نے آنسو گیس کے گولے داغ کر اور ساؤنڈ بم فائر کرکے منتشر کر دیا۔
ان دو فلسطینیوں کی شہادت کے بعد ہنگامے ہوئے تو اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے دعوی کیا کہ فلسطینی لڑکی ، چاقو لے کر ایک اسرائیلی فوجی پر حملے کا ارادہ رکھتی تھی۔
در ایں اثنا فلسطینی قیدیوں کی تنظیم نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو مختلف علاقوں پر حملے کرکے 17 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔