الوقت - اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے گزشتہ فروری کے مہینے میں ایرانی سرحد میں دراندازی کی ناکام کوشش کی تھی۔
جنرل احمد رضا پوردستان نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ فروری کے مہینے میں داعش نے ہماری سرحد میں دراندازی کی تھی لیکن خودکش جیکٹ پہنے دراندازی کرنے والے دو دہشت گردوں کو سرحد پر فوری ہلاک کردیا گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اب ہماری سرحد پر کوئی خاص خطرہ نہیں ہے لیکن علاقے کے بعض ممالک، ہماری سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انھوں نے شام میں ایران کے اسپیشل کمانڈوز کی موجودگی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی مناسب ہوگا ہم پوری طاقت کے ساتھ وہاں موجود ہوں گے اور مشاورت کے لئے ہمارے آپریشن اسی پالیسی کا حصہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شام میں فوجی مشاورت کے لئے فیلڈ ورک کی بھی ضرورت ہوتی ہے اس لئے ہم نے فوج کے کچھ افسروں کو وہاں بھیجا ہے تاکہ وہ حالات کو اچھی طرح سے سمجھیں لیکن شام میں ہمارا کوئی فوجی دستہ موجود نہیں ہے۔