الوقت - ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلی نے کہا ہے کہ جو بھی بھارت ماتا کی جئے نہیں کہہ سکتا اسے ہندوستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
دویندر فڑنویس نے سنیچر کی رات ایک عوامی جلسے میں کہا کہ جو لوگ بھارت ماتا کی جئے کہنے کے مخالف ہیں انہیں ہندوستان میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہونا چاہئے۔ فڑنويس نے کہا کہ یہاں رہنے والے لوگوں کو بھارت ماتا کی جئے کہنا پڑے گی۔
اسی درمیان بابا رام دیو نے کہا ہے کہ ہم قانون کا احترام کرتے ہیں ورنہ اب تک سیکڑوں کے سر دھڑوں سے الگ کر دیتے۔ انھوں نے کہا کہ ایک آدمی ٹوپی پہن کر کہتا ہے کہ میری گردن بھی کاٹ دی جائے تب بھی میں بھارت ماتا کی جئے نہیں کہوں گا۔ بابا رام دیو نے کہا کہ ایسے لوگوں کو جان لینا چاہئے کہ ہم آئین میں ایمان رکھتے ہیں ورنہ اب تک سیکڑوں گردنوں کو دھڑوں سے الگ کر دیتے۔
قابل ذکر ہے کہ موجودہ وقت میں ہندوستان میں بھارت ماتا کی جئے کو لے کر سیاسی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ سنگھ پریوار اور اس سے وابستہ پارٹیاں اس کی طرفدار ہیں جبکہ بہت سی سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہندستانی کے لئے، بھارت ماتا کی جئے کہنا لازمی نہیں ہے۔