الوقت - یمنی فوج کے حملے میں سعودی عرب کے درجنوں ایجنٹ ہلاک ہوگئے۔
یمن کے ایک فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک کے مفرور اور مستعفی صدر منصور ہادی سے وابستہ فوجیوں اور سعودی عرب کے کرایے کے ایجنٹوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ميدي شہر پر حملہ کیا تھا لیکن یمنی فوج اور رضاکار فورس کی جوابی کارروائی میں منصور ہادی کے کم سے کم ساٹھ ایجنٹ اور فوجی مارے گئے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس نے منصور ہادی کے ایجنٹوں کے حملوں کو ناکام بنانے کے لئے گھات لگا کر جوابی کارروائی کی۔ یمنی فوج اور رضاکار فورس کے کنٹرول میں بحیرہ احمر کے زیادہ تر علاقے ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ایک بار پھر صوبہ معارب کے صرواح شہر کے کئی علاقوں پر اندھا دھند بمباری کی۔
سعودی جنگی طیاروں نے لحج، الجوف اور الججہ صوبوں پر بھی فضائی حملے کئے۔ ان حملوں میں کتنا جانی و مالی نقصان ہوا ہے اس کے بارے میں ابھی تک کوئی معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہے۔
یمن میں سعودی عرب کے حملوں اور جھڑپوں کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ 18 اپریل کو کویت میں یمنی فریق کے درمیاں امن مذاکرات شروع ہونے والے ہیں۔