سعودی عرب کے نیوز ذرائع نے خبر دی ہے کہ یمن میں متحدہ عرب امارات کے 2 پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے فوجی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ پیر کی صبح یمن پر بمباری کرنے گئے یو اے ای کے ایک لڑاکا طیارے سے ان کا رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔
یمن سے موصولہ خبروں کے مطابق یمن میں یو اے ای کا ایک لڑاکا طیارے کو یمنی فوج نے مار گرایا ہے۔ تباہ شدہ یو اے ای کے طیارے میں سوار دونوں پائلٹوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
واضح رہے کہ یمن پر سعودی عرب کی قیادت والے اتحاد کے حملے کے آغاز سے یمنی فوج اور رضاکار فورس کے ہاتھوں اب تک متحدہ عرب امارات کے سیکڑوں فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ در ایں اثنا متحدہ عرب امارات نے باضابطہ اعتراف کیا ہے کہ اس کا جنگی طیارہ یمن میں لا پتہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب یمن کے ایک فوجی ذرائع نے بتایا ہے صوبہ لحج کی العند فوجی چھاؤنی پر فائر کئے گئے ایک میزائل نے امریکہ کے کئی اواكس جاسوسی طیاروں کو تباہ کر دیا ہے۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے اس فوجی ذرائع نے بتایا کہ قاهر -1 نامی بیلسٹک میزائیل کے اس حملے میں متعدد غیر ملکیوں سمیت 47 سعودی ایجنٹ ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہو گئے۔ اس حملے میں امریکہ کے کئی اواكس جاسوسی طیارے بھی تباہ ہو گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ اس ميزئیلی حملے کی وجہ سے امریکہ کے ہیل فائر نامی میزائیل لانچر پیڈ بھی تباہ ہوئے اور العند فوجی چھاؤنی میں بنایا گیا آپریشن روم بھی تباہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں العند فوجی چھاؤنی پر یمن کی فوج اور رضاکار فورسز کا یہ دوسرا میزائیل حملہ ہے۔