الوقت - پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی سعودی اتحاد میں سربراہ کے طور پر تقرری حکومت کا فیصلہ ہے۔
لندن میں پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ شعبہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقے میں کشیدگی نہیں چاہتا اور کسی پراکسی وار پر یقین نہیں رکھتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ایران کے ساتھ بھی اچھے تعلقات چاہتا ہے جبکہ سعودی اتحاد میں راحیل شریف کی سربراہ کے طور پر تقرری ریاستی فیصلہ ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف کو 39 مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ بنانے پر اصولی طور پر اتفاق ہونے کی تصدیق کی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے جنرل راحیل شریف کو فوجی اتحاد کا سربراہ بننے کی اجازت دینے کے فیصلے کی مخالفت کی تھی۔ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اس فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہیں اور جلد ہی پارلیمنٹ میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔