الوقت - کولمبیا کے جنوب مغربی علاقے میں شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
رات بھر ہوئی شدید بارش کی وجہ سے دریاؤں میں پانی بھر گيا ہے اور ساحلوں کو توڑ کر مٹی کے ساتھ پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
تقریبا 1100 فوجی اور پولیس اہلکار امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کم از کم 400 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 200 افراد لاپتہ ہیں۔
پوٹومايو صوبے میں بڑی تعداد میں افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ فوج کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بڑے ہسپتال میں اتنی بھیڑ ہو گئی ہے کہ انہیں سنبھالنے میں دقت ہو رہی ہے۔
صدر جوآن میونئل سانتوس نے کہا ہے کہ ریسکیو کے لئے فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
سرکاری محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبیا میں مارچ کے مہینے میں سب سے زیادہ بارش ہوتی ہے اور یہ سلسلہ 2011 سے جاری ہے۔
پوٹومايو صوبے کی سرحد ایکواڈور اور پیرو سے ملتی ہے۔ پیرو میں اس سال شدید بارشوں کی وجہ سے ابھی تک 90 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پیرو میں بھی شدید بارش کی وجہ سے مٹی کے تودے گرے ہیں۔