الوقت - شام کے صوبہ حماۃ میں دہشت گردوں کے ساتھ تازہ جھڑپوں میں شامی فوج نے متعدد دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
اسکائی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے ملک کے شمالی صوبے حماۃ میں دہشت گردوں اور مسلح گروپوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیجو اور الغربال علاقوں میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
شام کی فوج نے دہشت گردوں کے ساتھ دس دنوں تک شدید جھڑپوں کے بعد اس صوبے کے زیادہ تر علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔ شام کے نام نہاد انسانی حقوق مرکز کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے صوبہ حماۃ کے 75 فیصد سے زائد علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ صوبہ حماۃ کے صرف پانچ علاقے دہشت گردوں کے کنٹرول میں باقی بچے ہیں۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صوبہ حماۃ میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شدید جھڑپوں میں کم از کم 2200 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
شام کے فوجی ذرائع نے بھی اعلان کیا ہے کہ فوج نے ملک کے جنوبی صوبے درعا میں النصرہ فرنٹ کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا جس کے دوران کم از کم آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔