الوقت - پاکستان کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاراچنار میں شیعہ رہائشی علاقے ایک بازار میں شدید دھماکہ ہوا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 40 دیگر زخمی ہوگئے۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے شمال مغربی صوبے میں جمعے کے روز صبح کے وقت ایک امام بارگاہ کے قریب دھماکہ ہوا جس میں 13 افراد جاں بحق اور 40 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ ابھی تک کسی شخص یا گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے. پارا چنار سے زخمیوں کی منتقلی کے لیے فوج نے ہیلی کاپٹرز بھی روانہ کیے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کچھ دہشت گردوں نے بازار سے کچھ فاصلے پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد بازار میں دھماکہ ہوا۔ پارا چنار کے قومی اسمبلی کے رکن ساجد حسین طوری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا اور حملے سے پہلے فائرنگ بھی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ بازار کے مصروف علاقے میں ہوا، اس کا نشانہ مسجد بھی ہوسکتی تھی۔
پاکستان کی خیبر ایجنسی کے علاقے میں طالبان اور سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور جماعت احرار سمیت دوسرے دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں۔