الوقت - یوم الارض کی مناسبت پر ہزاروں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔
1976 میں اسرائیلیوں کی جانب سے 6 فلسطینیوں کے قتل کے بعد سے فلسطینی 30 مارچ کو یوم الارض کے طور پر مناتے ہیں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کرتے ہیں۔
جمعرات کو بڑی تعداد میں فلسطینی مظاہرین نے مغربی کنارے کے بیت جلاء سے بیت المقدس کے جنوب میں 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع وادی كریمسن تک مارچ کیا، جہاں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی 3000 ایکڑ کاشت کی زمین کو ضبط کر لیا اور نسل پرست دیوار تعمیر کر دی ۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں دیر حنا اور گیللی میں بھی فلسطینیوں نے لینڈ ڈے یا یوم الارض منایا اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کی۔
اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور طاقت کا استعمال کیا۔
اسرائیلی فوجیوں کے حملے میں متعدد فلسطینی مظاہرین کے زخمی ہونے کے خبریں ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، کچھ فلسطینی مظاہرین علاقے میں چار میٹر بلند باڑ پر چڑھنے اور فلسطینی قومی پرچم لہرانے میں کامیاب ہوگئے۔