الوقت - ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر روس، ہمارے فوجی اڈوں اور مراکز کا استعمال کر سکتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے روئٹرز خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں روس، ضرورت پڑنے پر کبھی کبھی ایران کے فوجی اڈوں کو استعمال کر سکتا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ایران میں روس کا کوئی فوجی ٹھکانہ نہیں ہے اسی لیے ضرورت پڑنے پر ہی روس، ایران کے فوجی اڈوں کا استعمال کر سکتا ہے۔
دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں روس اور ایران کے درمیان اچھا تعاون رہا ہے۔ دونوں ممالک گزشتہ 18 ماہ کے دوران شام کے بحران کے حل میں باہمی تعاون کرتے آ رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شام میں داعش کے خلاف جدوجہد کے تحت روس نے گزشتہ سال ایران کے ہمدان فوجی اڈے کے استعمال کی اجازت مانگی تھی۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد پہلی بار کسی ملک نے ایران سے اس کا فوجی اڈہ استعمال کرنے کی درخواست کی تھی۔