الوقت - بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکہ اور برطانیہ پر سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کر یمن میں انسانی حقوق کی خطرناک خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔
اس ادارے کی علاقائی نائب صدر لین معلوف نے جمعرات کو لبنان میں کہا کہ امریکہ اور برطانیہ، سعودی عرب کو اربوں ڈالر کے ہتھیار فروخت کر یمن میں شہریوں کے لئے تباہ کن بحران پیدا کر رہے ہیں اور اس طرح انسانی حقوق کی خطرناک طریقے سے خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور برطانیہ کے اس قدم سے بحران یمن کو روکنے کے تمام انسان دوستانہ اقدامات کو بہت زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے شروع ہونے کے بعد سے واشگٹن اور لندن نے سعودی عرب کو مجموعی طور پر پانچ عرب ڈالر کے ہتھیار برآمد کئے ہیں جس کی وجہ سے یمن کے تیس لاکھ عام شہریوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے جبکہ ہزاروں افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی علاقائی نائب صدر لین معلوف نے کہا کہ یمن پر سعودی عرب کے حملے کی وجہ سے اس ملک میں ضرورت کی اساسی اشیاء کا فقدان ہو گیا ہے اور اس وقت پونے دو کروڑ یمنی شہری اپنی کی ضرورت کی اساسی اشیاء سے محروم ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے اپنی ہتھیار کمپنیوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے اور دسیوں ہزار ملازمین کے روزگار کے لئے یمن میں سعودی عرب کے جرائم سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں اور آل سعود کو اربوں ڈالر کے تباہ کن ہتھیار فروخت کر رہے ہیں۔