الوقت - جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی کے صدر کو اپنی حد میں رہنا چاہئے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق زيگمار گابرئيل نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ رجب طیب اردوغان کو اپنی حد میں رہ کر ہی بیان بازی کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اردوغان کو چاہئے کہ وہ ریڈ لائن سے بڑھنے کی کوشش نہ کریں۔
جرمنی کے وزیر خارجہ نے یہ بات، جرمن چانسلر انگلا مرکل کے بارے میں ترکی کے صدر کے بیان پر رد عمل میں کہی ہے۔
اتوار کو ترکی کے صدر نے جرمن چانسلر انگلا مرکل پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے نازیوں کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حالیہ چند دنوں کے دوران ترکی اور جرمنی اور ہالینڈ کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان ممالک نے اپنے یہاں ترک نژاد شہریوں کے ان پروگرامز کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جن میں ترکی میں آئین کی تبدیلی سے متعلق ریفرنڈم کے لئے یورپی ممالک میں مقیم ترک شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کرانے کی کوشش جانی تھی۔
ترکی میں آئین میں تبدیلی کے لئے 16 اپریل 2017 کو ریفرنڈم کرایا جائے گا۔