الوقت - شامی فوج نے صوبہ حلب میں دو قصبوں المبوجہ اور ام المرۃ اور دیر حافر شہر کے مغرب میں واقع پہاڑیوں اور ٹیلوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
شام کی وزارت داخلہ نے سنیچر کو ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ ملک کی فوج نے گزشتہ ہفتے صوبہ حلب میں 11 قصبوں اور شہروں اور اسٹرٹیجک ٹیلوں اور پہاڑیوں کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
سنیچر کو ہی دہشت گردوں کا ایک گروہ حمص شہر کے الوعر علاقے سے باہر نکل گیا ہے۔
الوعر علاقے سے نکلنے کے لئے محفوظ راستہ دینے سے متعلق شامی حکومت اور دہشت گردوں کے درمیان ہوئے ایک معاہدے کے تحت، 1365 دہشت گردوں نے یہ علاقہ چھوڑ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حمص کے الوعر علاقے میں النصرہ فرنٹ سمیت 15 دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں۔
دوسری طرف جنوبی شام کے مختلف علاقوں میں داعش اور فری سیرین آرمی کے دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی جن میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
جنوب مشرقی حلب کے خس الاجيل علاقے میں سیرین ڈیموکریٹک آرمی کے ٹھکانوں پر داعش کے دہشت گردوں کے حملے کے بعد دونوں فریق کے درمیان شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
اسی طرح دہشت گردوں نے محاصرے کا شکار فوعہ اور كفريا پر راکٹ اور مارٹر گولوں سے پھر حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے راکٹ اور مارٹر گولوں سے اشیاء خورد و نوش تقسیم کرنے والے مراکز کو نشانہ بنایا۔