الوقت - تمباکو نوشی کا شوق رکھنے والے افراد ہوشیار ہو جائیں، تمباکو نوشی سے جہاں پھیپھڑوں کے امراض جیسے کینسر یا دیگر بیماریوں کا خطرہ پیدا ہوتا ہے وہیں یہ عادت بینائی کی کمزوری کا بھی سبب بنتی ہے۔
برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ تمباکو نوشی سے بینائی کا خاتمہ بھی ہو سکتا ہے۔
یو کے آئی ہیلتھ کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ نوشی کرنے والے افراد میں بینائی کی کمزوری یا اس سے محرومی کا خطرہ، اس عادت پرہیز کرنے والوں کے مقابلے میں 4 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سگریٹ میں موجود کیمیکلز آنکھ میں ایسی بائیولوجیکل تبدیلیاں پیدا کر دیتے جو آنکھوں کے امراض کا باعث بنتے ہیں۔ ان امراض میں عمر بڑھنے کے ساتھ نظر کی کمزوری، موتیے اور دیگر امراض کی جانب اشارہ کیا جا سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سگریٹ اندھے پن کا باعث بن سکتی ہے مگر اس لت میں مبتلا کروڑوں افراد کو اس کا شعور نہیں اور 10 فیصد سے بھی کم کو یہ احساس ہوتا ہے کہ تمباکو نوشی آنکھوں کی صحت پر اثرانداز ہو رہی ہے۔
محققین کے مطابق تمباکو نوشی اور پھیپھڑوں کے کینسر کے درمیان 92 فیصد تعلق پایا جاتا ہے جبکہ اس عادت اور امراض قلب کے درمیان تعلق کی شرح 87 فیصد ہے۔