الوقت - ہالینڈ نے ترکی کے وزیر خارجہ کے طیارے کو اپنی سرزمین پر اترنے کی اجازت نہیں دی۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ہالینڈ کے وزیر اعظم مارک روٹے نے ہفتے کو ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو کے طیارے کو اپنے ملک میں اترنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اپنے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ چاوش اوغلو کی ہالینڈ میں موجودگی سے قانون اور نظام کے بگڑنے کا خدشہ ہے۔ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے اس سے پہلے کہا تھا کہ وہ ایک اجتماع میں تقریر کے لئے ہالینڈ کے روٹریڈم شہر جائیں گے۔
ہالینڈ کے عوام بدھ کو پارلیمانی انتخابات میں شرکت کریں گے اور اسی کے مد نظر اس ملک کے وزیر اعظم نے ترک وزیر خارجہ کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت نہیں دی۔ وہ ترکی کے آئین میں تبدیلی کے بارے میں ہالینڈ میں مقیم ترک شہریوں کے درمیان تقریر کرنا چاہتے تھے لیکن اب ان کے جلسوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ترکی کی جانب سے دہشت گرد گروہوں خاص طور پر تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کی ہر ممکنہ حمایت اور اس گروہ کی جانب سے یورپی ممالک میں متعدد دہشت گرد حملوں کی وجہ سے، یورپی ممالک کے شہری ترکی سے انتہائی ناراض ہیں۔