الوقت - صیہونی حکومت کا کہنا ہے کہ شام کے اندر اس کی فوجی مہم کی کوئی حد نہیں ہے اور اس کی اس منصوبہ بندی کی سطح سے عرب ممالک بھی آگاہ ہیں۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے ترجمان اووير گونڈلمین نے کہا کہ شام میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی کوئی حد نہیں ہے اور عرب ممالک بھی اس سے پوری طرح آگاہ ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل، حزب اللہ تک ایران کے اسٹراٹیجک ہتھیاروں کو پہنچنے سے روکنے کے لئے ہر طرح کے اقدامات کرے گا کیونکہ وہ جولان کی پہاڑیوں پر ایران کی موجودگی کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔
گونڈلمین نے ماسکو میں روسی صدر ولاديمير پوتين کے ساتھ صیہونی وزیر اعظم بنيامين نیتن یاہو کی حالیہ ملاقات اور اس میں شام میں ایران کی موجودگی کے موضوع کا جائزہ لئے جانے کے بارے میں کہا کہ نتن یاہو نے روسی صدر ولادیمیر پوتين سے کہا کہ وہ جولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کی موجودگی کو باضابطہ قبول کریں۔
روسی صدر ولاديمير پوتين کے میڈیا انچارج دیمیتری پیسکوف نے اس سے پہلے اس بات کی تردید کی تھی کہ شام کی جولان کی پہاڑیوں کے علاقے میں حزب اللہ کے ٹھکانے پر حملے کے لئے روس اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت ہو گئی ہے۔ دیمیتری پیسكوف نے واضح کیا تھا کہ روس اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے گا کہ حزب اللہ کے ٹھکانے تباہ کرنے کے لئے یہ علاقہ اسرائیل کے جنگی طیاروں کا اڈہ بن جائے۔
جولان کے پہاڑی علاقوں میں اسرائیل دہشت گردوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے اور دہشت گردوں کی بھرپور مالی اور اسلحہ جاتی مدد کے ساتھ زخمی دہشت گردوں کا علاج بھی اسرائیلی ہسپتالوں میں ہو رہا ہے۔