الوقت - امریکہ کی قومی سیکورٹی ایجنسی کے سابق ایجنٹ نے کہا ہے کہ آئفون اور اینڈرائیڈ سسٹم میں امریکہ کی جاسوسی کا نیٹ ورک ہے۔
ایڈورڈ اسنوڈن نے کہا کہ سی آئی اے کے ہزاروں خفیہ دستاویزات جو وکی لیکس میں نظر آئے ہیں ثابت کرتے ہیں کہ سی آئی اے آئی فونز اور اینڈرائیڈ سسٹم والے موبائل فون کی گفتگو کو ریکارڈ کرتی ہے۔
وکی لیکس نے منگل کو سی آئی اے کے خفیہ دستاویزات کی پہلی کھیپ شائع کی ہے اس میں 9 ہزار دستاویزات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کس طرح سائبر جاسوسی کر رہی ہے اور اس کے لئے سی آئی اے آئیفون سسٹم، اینڈرائیڈ سسٹم، ماكروسافٹ وینڈوز یہاں تک کہ سیمسنگ کے ٹی وی کی ہیکنگ کا راستہ استعمال کر رہی ہے۔
جاسوسی کا یہ نیٹ ورک ساری دنیا میں بچھا ہوا ہے۔
ایڈورڈ اسنوڈن نے وکی لیکس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے دستاویزات کے بارے میں لکھا کہ یہ دستاویزات ثابت کرتے ہیں کہ سی آئی اے موبائل فون سے ہونے والی گفتگو ٹیپ کرتی ہے۔
اسنوڈن امریکہ کی نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے لئے کام کرتے تھے۔ وہ 2013 میں بھاگ کر ہانگ کانگ چلے گئے اور انہوں نے امریکہ کے ہزاروں خفیہ دستاویزات صحافیوں کے حوالے کر دیئے۔ا سنوڈن نے امریکی پاسپورٹ کینسل ہو جانے کے بعد روس میں پناہ لے لی۔
امریکہ کے حکام متعدد بار روس سے اسنوڈن کی حوالگی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔