الوقت - عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے کہا کہ عراق کسی بھی ملک کے داخلی امور میں مداخلت کی کوشش نہیں کرتا اور دہشت گردی سے جنگ کے لئے بغداد اور دمشق کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
ابراہیم جعفری نے منگل کی شام قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ عرب لیگ میں شام کی رکنیت بحال کی جانی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عرب لیگ میں شام کی واپسی اس ملک کے بحران کے حل میں مددگار ثابت ہوگی۔ ابراہیم جعفری نے کہا کہ شام میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ شام میں بحران شروع ہونے کے کچھ ہی ماہ بعد نومبر 2011 میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں عرب لیگ کی تجویز کی مخالفت کرنے کی وجہ سے شام کی رکنیت معطل کر دی تھی۔
ابراہیم جعفری نے اپنے خطاب میں موصل میں عراقی فورسز کی پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مکمل یکجہتی کے ساتھ داعش کے خلاف جنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشت پردہ بہت سے ممالک سے داعش کو اقتصادی اور اسٹریٹجک مدد مل رہی ہے اور کچھ ممالک نے عراق اور شام میں دہشت گردوں کے داخلے کی راہ ہموار کر رکھی ہے۔