الوقت - ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین کے داخلی امور میں ایران کی مداخلت کے بارے میں بحرینی حکام کے دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بحرین میں دہشت گردانہ جرائم کے معاملات کے پراسیکیوٹر احمد حمادی نے ہفتہ کو دعوی کیا تھا کہ ایک 54 رکنی دہشت گرد گروہ کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے 12 رکن ایران و عراق کے ہیں جبکہ ایک دہشت گرد جرمنی کا شہری ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کو بحرینی حکام کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے حکمراں، اپنے داخلی مسائل کے حل اور عوام کے قانونی اور پرامن مطالبات پورے کرنے میں ناتواں ہیں اور ہر کچھ دن بعد، بحرینی عوام کے اعتراضات کو ایران کی مداخلت کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ظالم و جابر حکومتیں جنہیں عوام کی مخالفت کا سامنا ہے، دوسرے ممالک پر الزامات ڈالنے کی روش اختیار کرتی ہیں لیکن اس سے کبھی بھی بحرانوں کے حل میں مدد نہیں ملے گی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے بحرین کی حکومت کو نصیحت کی کہ وہ غلط طریقے اپنانے اور پولیسیا رویے پر اڑے رہنے کے بجائے اپنے عوام کے ساتھ سچائی، انصاف اور اخلاقی اصولوں کے ساتھ پیش آنے کی کوشش کرے۔