الوقت - شام کے صوبہ حلب میں فوج اور رضاکار فورس کی کاروائی میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے 30 سے بھی زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
شام کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے اتوار کو حلب کے نواحی علاقوں میں داعش کے درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور کئی اہم علاقوں کو ان کے چنگل سے آزاد کرا لیا۔
شامی فوج کے اس آپریشن میں داعش کے متعدد غیر ملکی دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شامی فوج کی اس کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد گاڑیاں اور فوجی ساز و سامان بھی تباہ ہوئے ہیں۔
شامی فوج نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ حلب کے مضافاتی علاقوں میں فوجی آپریشن کے دوران 7 دیہاتوں کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔
روسی جنگی طیاروں کی مدد سے شامی فوج اور رضاکار فورسز نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران، علاقے میں 90 دیہات کو داعش کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔
دوسری جانب شام کے مشرقی غوطہ میں دہشت گردوں کے خلاف فوج کی کاروائی کے دوران دہشت گردوں نے دار الحکومت دمشق کے آبادی والے علاقے پر مارٹر گولوں سے حملے کئے جن میں 6 عام شہری جاں بحق اور متعدد ديگر زخمی ہوگئے۔
در ایں اثنا شام کے ذرائع نے شمالی دمشق کی التل کالونی میں ایک اجتماعی قبر دریافت کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔ اس اجتماعی قبر میں 50 لاشیں ملی ہیں۔
2011 سے شام میں امریکہ اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے بشار اسد کی قانونی حکومت کی سرنگونی کے لئے وسیع پیمانے پر حملے شروع کئے۔
شام میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے دوران اب تک لاکھوں لوگ ہلاک جبکہ دسیوں لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔