الوقت - امریکہ نے شام میں اپنے فوجی موجودگی کو مضبوط کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
رای اليوم اخبار کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ کی قیادت میں بنے داعش مخالف اتحاد کے ترجمان جان ڈوريان نے ٹویٹ کیا کہ امریکی فوج نے شام کے منبج شہر میں اپنی موجودگی کو مضبوط کر دیا ہے تاکہ اس بات کا یقین ہو جائے کہ کرد پپلز پروٹیکشن یونٹ کے جوان وہاں موجود نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی تجاوز کو روکنے اور داعش کو شکست دینے پر توجہ مرکوز کرنے کے لئے انجام دی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ امریکہ کی اس کارروائی کا مقصد، انقرہ کی جانب سے دی گئی دھمکی کو روکنا ہے۔ ترک حکام نے ابھی حال ہی میں دھمکی دی تھی کہ اگر شامی ڈیموکریٹک فوج منبج شہر سے پسپائی نہیں کرتی تو اس پر حملہ کر دیا جائے گا۔
مغربی منبج میں ترکی کے حامی جنگجوؤں اور کردوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے ہی امریکہ نے اپنی فوجی موجودگی کو مضبوط کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
ترکی، دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدوں سے داعش کو بھگانے کے لئے فری سیرین آرمی کا استعمال کر رہا ہے اور دمشق نے ترک فوجیوں کی کارروائی کو جارحیت قرار دیا ہے۔