الوقت - پاکستان کی فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی صورت میں تہران کے ساتھ تعلقات کو خطرے میں نہیں ڈالیں گے۔
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر سے ملاقات میں تہران کے ساتھ تعلقات کی حفاظت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت میں ایران کے ساتھ تعلقات کو خطرے کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے اسلام آباد میں ملاقات میں یہ بات کہی۔ جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان کی فوج، ایران کے ساتھ مضبوط تعلقات اور رابطے کو اہمیت دیتی ہے اور ان تمام تعلقات اور رابطے کی ہر قیمت پر حفاظت کرے گی۔
پاکستان ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دفاعی اور فوجی تعاون کے علاقے کے امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی موثر کاروائیوں، رد الفساد آپریشن اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں پاک فوج کے کردار کی قدردانی کی۔