الوقت - ایک اسرائیلی اخبار نے لکھا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے پاس ایسا خطرناک ہتھیار ہے جس نے اسرائیل کی طاقت کے توازن درہم برہم کر دیا ہے۔
يديعوت احارنوت نے اتوار کے شمارے میں لکھا ہے کہ حزب اللہ کے پاس روس کے "ياخونت" میزائل ہیں جو اپنے آپ میں دنیا کے سب سے پیشرفتہ میزائل ہیں۔
صیہونی حکومت اس سے پہلے بھی حزب اللہ کے پاس موجود ان ميزائلوں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کر چکی ہے۔ اس نے دعوی کیا تھا کہ لبنان کے ساحلوں پر موجود اسرائیلی اور امریکی سمندری جہازوں اور بیڑو کے لئے لاحق شدید خطرے کی وجہ سے، یہ میزائل طاقت کے توازن کو بگاڑ رہے ہیں۔
اسرائیل کی تشویش میں اس وجہ سے بھی اضافہ ہو گیا ہے کہ اس کے پاس ان میزائلوں کو روکنے یا ان کا راستہ بدلنے کی ٹکنولوجی نہیں ہے۔ ياخونت میزائل 300 کلو میٹر کے فاصلے سے کسی بھی ہدف کو 750 میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ہدف کو نشانہ بناتے وقت اس کی بلندی صرف 10 سے 15 میٹر ہوتی ہے اور اسی لئے اسے ریڈار پر نہیں دیکھا جا سکتا۔
بنیادی طور پر سمندری جہازوں کو نشانہ بنانے والا ياخونت میزائل 200 کلو گرام کا وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔ روس نے یہ میزائل 2014 میں نیٹو کے سمندری جہازوں کے ممکنہ حملے کو روکنے کے لئے جزیرہ كریميا میں تیار کیا تھا۔