الوقت - پاکستانی فوج نے پاک - افغان سرحد پر دہشت گرد گروہ جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حملے میں خیبر اور مہمند ایجنسیوں کی سرحد کی دوسری جانب موجود جماعت الاحرار کے کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں مشتبہ طور پر جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچہ کا کیمپ، ٹریننگ کمپاونڈ اور چار دیگر کیمپ تباہ کر دیے گئے جبکہ حملے میں متعدد مشتبہ دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاع ہے لیکن آزاد میڈیا کی طرف سے ان دعووں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری اسی دہشت گرد تنظیم نے قبول کی ہے۔
دوسری طرف پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جان نكلسن سے ٹیلی فونی بات چیت کی ہے۔ فوج کے سربراہ نے افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے زیادہ تر واقعات کی ذمہ داری افغانستان میں چھپے گروہوں نے قبول کی ہے۔
انہوں نے امریکی کمانڈر سے دہشت گردانہ کارروائیوں کو روکنے کے لئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کمانڈر دہشت گردی کے واقعات کی منصوبہ بندی، معاونت کاروں اور مدد فراہم کرنے پر لگام لگائیں۔