الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹویٹ کیا کہ مشرق وسطی میں ایٹم بم رکھنے والی ایک واحد حکومت، ایران کے دفاعی وسائل پر آنسو بہا رہی ہے۔
محمد جواد ظریف نے جمعے کی رات ایران کے میزائل پروگرام کے خلاف صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرے ہوئے ٹویٹ کیا کہ مشرق وسطی میں جوہری بم اور بیلسٹک ميزائل رکھنے والی اور جارحیت میں ماہر واحد حکومت، ایران کے دفاعی وسائل پر آنسو بہا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دو دن پہلے صیہونی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے امریکا کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا تھا کہ ایران بیلسٹک میزائل بنا کر امریکا پر حملے کے درپے ہے۔
اگرچہ صیہونی حکومت نے اپنی مشکوک اور شک و شبہ پھیلانے والی پالیسیوں کی بنیاد پر کبھی بھی باضابطہ یہ قبول نہیں کیا کہ اس کے پاس ایٹم بم ہیں لیکن مغربی خفیہ اداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر اس حکومت کے پاس 80 سے 400 تک ایٹمی وار ہیڈز ہیں۔