الوقت - شام کے شمالی علاقے میں واقع سرحدی شہر الباب پر ترک فوجیوں کی گولہ باری اور فضائی حملوں میں کم از کم 2 درجن شہری جاں بحق ہوگئے۔
ترکی میں واقع انسانی حقوق کی تنظیم 'سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے جمعرات کو رپورٹ میں بتایا کہ حلب سے 40 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع الباب شہر پر ترکی کی تازہ بمباری میں جاں بحق ہونے والوں میں 11 بچے بھی شامل ہیں۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں نیوز ایجنسی اناتولی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ترک فوج کا دعوی ہے کہ اس نے صرف 15 'دہشت گردوں' کو ہلاک کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکی نے داعش کے دہشت گردوں سے مقابلے کے بہانے شام میں فوجی دراندازی کر رکھی ہے جبکہ بحران شام کے آغاز سے ہی ترکی شام میں سرگرم دہشت گردوں کا اصل حامی رہا ہے۔
شامی حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ ترکی نے شام کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے فوجی شام میں داخل کر دیئے ہیں اور انقرہ کو فوری طور پر شام سے اپنے فوجیوں کو نکال لینا چاہئے۔