الوقت - مصر کی پارلیمنٹ نے عدیم المثال موقف اختیار کرتے ہوئے عرب لیگ میں شام کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
عرب ٹی وی چینل -21 کی رپورٹ کے مطابق، مصر کی پارلیمنٹ میں عرب امور کے کمیشن نے عرب لیگ کونسل میں شام کے اپنے مقام پر واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کی جگہ کا خالی رہنا قابل قبول نہیں ہے۔
مبصرین اور ماہرین نے اس مطالبے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصر واضح طور پر چاہتا ہے کہ بشار اسد عرب ليگ میں اپنے ملک کی خالی کرسی کو بھر دیں۔ مصر کی پارلیمنٹ کی جانب سے یہ مطالبہ ایسی صورت میں سامنے آیا ہے کہ 29 مارچ کو اردن میں عرب ليگ کے سربراہوں کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔
مصر کی پارلیمنٹ کی اس کمیٹی کا یہ بیان، عبد الفتاح السیسی کی سربراہی میں مصر کی حکمراں انتظامیہ کی جانب سے بشار اسد کی حکومت کی حمایت کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ مصر کی پارلیمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں آستانہ اجلاس کے نتیجے شام کے بحران میں رونما ہونے والی اہم تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے شام کے سرکاری اداروں اور تنصیبات کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
اس بیان میں آیا ہے کہ مصر اور شام کے مشترکہ اسٹرٹیجک تعلقات اور مصر کی جانب سے عرب لیگ کی سربراہی کے زمانے میں شام اور مصر نے جو جدوجہد کی ہے وہ اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ یہ ملک شام کے امور میں مثبت مداخلت کرے کیونکہ عرب لیگ کے کردار کے نہ ہونے خاص طور پر بحران شام میں عرب ممالک کے کردار وہ بھی اس صورت حال میں کہ اس ملک کا مقام خالی ہے، اب مزید قابل قبول نہیں ہے۔