الوقت - امریکا میں ہونے والی طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ رات کے کھانے سے پرہیز کرنے والے افراد بہت جلد ہی اپنے جسم کی چربی یا توند کو گھلا سکتے ہیں۔
امریکا کی الباما یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ ثابت کیا گیا ہے کہ بارہ سے چودہ گھنٹے تک بھوکے رہنے سے جسم کی چرپی کو آسانی سے گھلایا جا سکتا ہے۔ تحقیق میں ثابت کیا گیا ہے کہ بارہ گھنٹے تک کچھ نہ کھانے کے نتیجے میں جسم گلائی کوجن نامی ایک مالیکیول کو جلاتا ہے جس میں گلوکوز اور چینی کا ذخیرہ ہوتا ہے جبکہ بارہ گھنٹے کے بعد جسم ذخیرہ شدہ چربی کو گھلانے لگتا ہے۔ تحقیق میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے آپ چند دنوں میں 6 فیصد تک چربی گھلا سکتے ہیں۔
مذکورہ تحقیق میں 20 سے 45 سال کی عمر کے 11 موٹے افراد کو شامل کیا گیا تھا جنہیں دو تجربات سے گزارا گیا۔
پہلے تجربے کے تحت ہفتے میں چار دن ان افراد کو صبح آٹھ بجے سے دو بجے تک کھانے کی اجازت دی گئی جبکہ دوسرے تجربے میں بھی چار دن تک انہیں صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کھانے کی اجازت دی گئی۔ نتیجے سے پتہ چلا کہ پہلے گروپ کے اندر بھوک زیادہ بڑھ گئی تھی تاہم اس میں چربی زیادہ تیزی سے کم ہوئی جبکہ دوسرا گروپ بھوک سے تو محفوظ رہا مگر جسمانی وزن میں نمایاں کمی نہیں آسکی۔