الوقت - ایران کی فوج نے مغربی ایشیا کے علاقے میں برطانیہ کی دوبارہ موجودگی کے بارے میں کہا ہے کہ بہتر ہو گا کہ برطانیہ جس راستے سے آیا ہے اسی سے واپس لوٹ جائے۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر سید مسعود جزائری نے دفاع کے شعبے میں اسلامی انقلاب کی کامیابیوں کے بارے میں منعقد ایک تقریب میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے، مغربی ایشیا کے علاقے میں برطانیہ کی دوبارہ موجودگی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کی شیطانی خواہشات کبھی پوری نہیں ہو گی اور علاقے کے عوام اس کی موجودگی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج فوج جانتی ہے کہ اس کی حالت کیا ہے؟ اسے کس ہدف اور کس مقصد سے کیا کرنا ہے؟ ایرانی فوج کے ترجمان نے فوج کی خود اعتمادی اور ملک کے دفاع کے لئے فوج پر عوام کے اعتماد کو، ملک کے دفاع میں دو مؤثر عنصر بتایا اور کہا کہ اس کی وجہ سے ملک کے باہر ایرانی فوج کی ایک مضبوط اور اسلامی فوج کے طور پر شبیہ بنی ہے۔
بریگیڈیئر سید مسعود جزائری نے مغربی ایشیا کے علاقے میں برطانیہ کی دوبارہ موجودگی کے بارے میں کہا کہ علاقے کے لوگ اس کی اجازت نہیں دیں گے اور برطانیہ کو فوری طور پر واپس ہو جانا چاہئے ورنہ انہیں نئے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اسی طرح امریکا کی نئی حکومت کی جانب سے ایران کے خلاف تمام آپشن میز پر ہونے جیسے تکراری دعوؤں کے بارے میں کہا کہ اگرچہ اس طرح کے دعوؤں میں کوئی دم نہیں رہ گیا ہے اور ہمارے عوام ہی نہیں بلکہ دوسرے ممالک کے لوگ بھی ان کا مذاق اڑاتے ہیں لیکن ملک کے اسلامی نظام اور اسلامی انقلاب کے اعلی مفادات کے مطابق شیطان بزرگ کے لئے ضروری اور مؤثر جواب سوچ لئے گئے ہیں۔