الوقت - شامی فوج نے مشرقی حمص میں واقع ٹيفور ایئر پورٹ کے بڑے علاقے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
بدھ کو موصولہ رپورٹ کے مطابق، شامی فوج نے داعش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں تکفیری دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور حمص کے مشرق میں کئی کیلومیٹر کے علاقے کو ان کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
فوجی ذرائع نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو علاقے آزاد ہوئے ہیں ان میں مشرقی حمص کے بئر الفضہ، بیت فضہ اور مغربی قصر الحیر نامی علاقے شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج نے یہ کاروائی فضائیہ کی مدد سے انجام دی جس کے دوران داعش کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
شام کی فوج نے اسی طرح گزشتہ روز التیاس علاقے کے تمام پہاڑوں اور ٹیلوں کو بھی داعش کے وجود سے پاک کر دیا ہے۔ بعض علاقوں میں داعش کے دہشت گردوں اور شامی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں اور شای فوج نے تکفیری دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی ہے۔
یاد رہے کہ 29 دسمبر 2016 کو شامی فوج نے حمص کے مشرقی علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے مہم شروع کی تھا جس کے بعد سے فوج نے اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے کئی اہم علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے۔
درایں اثنا، شامی فوجیوں اور داعش کے دہشت گردوں کے درمیان دمشق کے مشرق میں سین ایئر پورٹ کے مضافاتی علاقوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔