الوقت - ایران کی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی دنیا کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔
علاء الدین بروجردی نے جمعرات کی شام اسلام آباد میں پاکستانی دانشوروں اور کچھ دیگر ممالک کے سفیروں کے درمیان اپنے ایک خطاب میں کہا کہ ایران کی نظر میں عالمی امن کے لئے سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سترہ ہزار سے زائد شہری اور حکام، دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں اور اسی لئے ایران، عراق اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لئے اپنے مشیر بھیجتا ہے اور اس پر اس کو فخر بھی ہے۔
ایران کی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے منشیات کو ایران اور پاکستان کے لئے دوسرا مشترکہ خطرہ قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کی طرح اس لعنت میں بھی دونوں ملک گرفتار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے چار ہزار سے زائد سیکورٹی حکام کو منشیات کے اسمنگلروں کے خلاف کارروائی میں گنوا دیا ہے۔
علاء الدین بروجردی ایک اعلی پارلیمانی وفد کے ساتھ بدھ کو اسلام آباد پہنچے ہیں۔