الوقت - اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے مغربی کنارے پر صیہونی کالونیوں کی تعمیرات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کے ترجمان اسٹیفن دوجاریچ نے کہا کہ اسرائیل کے یک طرفہ اقدامات سے امن کے حصول اور دو ملکوں کے حل کے راستے میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے منگل کے روز اطلاع دی تھی کہ ان کی حکومت 2500 گھروں کی تعمیرات کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسرائیل کی تسلط پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس کی بین الاقوامی سطح پر مخالفت تیز ہو گئی ہے۔
اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عرب لیگ نے الگ الگ بیانات جاری کر کے اسرائیل کی اس اعلان کی مخالفت کی ہے جس میں اس نے مغربی کنارے پر 2500 نئے گھروں کی تعمیرات کی بات کہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار سبھالانے کے بعد سے صیہونی حکومت کا حوصلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس پہنچتے ہی صیہونی حکومت نے نئی کالونیوں کی تعمیرات کا اعلان کردیا ہے تاہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس سے پہلے ایک قرارداد منظور کرکے اسے فلسطینی علاقوں میں نئی کالونیوں کی تعمیرات سے روک دیا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی کھلی حمایت ہی اس غیر قانونی حکومت کے حوصلے میں اضافے کا اصل سبب ہے۔