الوقت - شام کے فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ فوج اور رضاکار فورسز نے مشرقی حلب کے پانچ دیہاتوں کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے جبکہ حمص کے مضافاتی فوجی ہوائی اڈے سے داعش کے خطرے کو دور کر دیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فوج کی اس کارروائی میں دسیوں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں دہشت گردوں سے شدید جھڑپوں کے بعد سرجہ کبیر، سرجہ صغیر، مران، طنبور اور منطار علاقوں کو بھی آزاد کرا لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے فوج نے صوران علاقے کو آزاد کرایا تھا۔ فوج کی اس پیشرفت کے بعد الباب شہر سے فوج مزید قریب ہو گئی ہے۔
شام کے فوجی کمانڈوز نے سہیل الحسن کی قیادت میں مشرقی حلب میں وسیع مہم شروع کی ہے جس کے دوران فوج نے برلہين، عبدا، شامر اور عفرين علاقوں کو تکفیری دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔
دوسری جانب شام کی حکومت کے مخالف دھڑے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی حلب کے الباب علاقے میں داعش سے مقابلے کے بہانے شام کی سرزمین پر ترکی کی فوجی مداخلت میں اب تک ترکی کے 25 فوجی مارے جا چکے ہیں۔ حمص میں بھی شام کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مزاحمت کاروں نے اتوار کی صبح مشرقی حمص کے التياس کے اسٹراٹیجک علاقے کو دہشت گردوں کے کنٹرول سے آزاد کرا لیا ہے۔ یہ علاقہ ٹيفور فوجی ہوائی اڈے اور چوتھے اسٹیشن کے لئے ہمیشہ خطرہ رہتا تھا۔