الوقت - عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے موصل شہر کو دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے جاری آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ عراق ساری دنیا کی جانب سے داعش سے جنگ کر رہا ہے۔
منگل کی شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراقی وزیر اعظم نے عراقی سیکورٹی فورسز سے کہا کہ وہ عام شہریوں کی جان کی ہر قیمت پر حفاظت کریں کیونکہ دہشت گرد اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لئے دہشت گردانہ حملے تیز کریں گے۔
عراقی فورس موصل شہر کے علاقوں کو ایک ایک کرکے آزاد کراتے جا رہی ہے اور داعشی دہشت گرد پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہیں کہ کیونکہ موصل کی لڑائی میں بہت بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
دوسری طرف رضاکار فورس کے کمانڈر ہادی العامری نے کہا کہ موصل آپریشن کے تحت اس وقت ہم نے بہت بڑی کارروائی شروع کی ہے جسے پورا کر لینے کے بعد صوبہ كركوک کے الحویجہ شہر کا رخ کریں گے جہاں داعش حملے کر رہا ہے۔