الوقت - یمنی فوج کے ایک سینئر افسر نے کہا ہے کہ فوج کی كمانڈ نے روس اور مصر سے فوجی تعاون اور اپنے فوجی مشیروں کو صنعا بھیجنے کی اپیل کی ہے تاکہ یمنی مزاحمت کار ان دونوں ممالک کے فوجی تجربات سے استفادہ کر سکیں۔
یمنی فوج کے ایک سینئر افسر اور ملک کی سوشلسٹ پارٹی کے رکن رمزی عبداللہ نے فارس نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس کی مشترکہ فوجی کمانڈ نے مصر سے اپنے فوجی مشیروں کو صنعا بھیجنے اور یمنی فوج کے ساتھ فوجی تعاون کی اپیل کی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں علی عبداللہ صالح کے حامی فوجیوں کے ایک کمانڈر نے مصری فوجی کمانڈر سے رابطہ کیا اور یمنی کمانڈر نے قاہرہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے فوجی مشیر صنعا بھیجے تاکہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس، دہشت گردی سے جدوجہد میں مصری فوج کے بے پناہ تجربات سے استفادہ کر سکے۔
رمزی عبداللہ نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ مصری فوج کے کمانڈر نے یمنی فوج کی اپیل قبول کرتے ہوئے اپنے فوجی مشیروں کو صنعا بھیجنے کا وعدہ کیا ہے، کہا کہ یمنی فوج کی كمانڈ نے اسی طرح روس سے بھی اپنے فوجی مشیروں کو صنعا بھیجنے کی اپیل کی ہے۔
یمن کے اس فوجی اعلی افسر نے کہا کہ ملک کی فوج کو دنیا کی دیگر فوجوں کی مانند جدید تکنیک اور آلات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن نے اسی طرح روس سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی سے جدوجہد کے لئے اپنے جنگی طیارے یمن بھیجے لیکن روسی فوج نے کہا کہ اس کارروائی کے لئے اسے روس کے اعلی حکام سے اجازت لینے کی ضرورت پڑے گی۔