الوقت - امریکی کانگریس کے کئی ارکان نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں اقتدار کی منتقلی کا باضابطہ اعلان ہونے میں ابھی چھ دن ہی باقی بچے ہیں۔ باضابطہ طور پر چھ دن بعد نو منتخب صدر ملک کی ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ در ايں اثنا امریکی ایوان نمائندگان کے آٹھ ارکان نے کھل کر اعلان کر دیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ کے حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے والے یہ رہنما، ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیں۔ امریکا کے نو منتخب صدر کی حلف برداری کی تقریب جمعے 20 جنوری کو منعقد ہوگی ۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کا بائیکاٹ کرنے والوں میں سے ایک جان لوئس ہیں جو ایوان نمائندگان کے مشہور رہنما ہیں۔ ان آٹھ ارکان پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ حلف برداری کی تقریب میں ان کی غیر موجودگی، ملک کے آئندہ صدر کے خلاف ایک قسم سے ان کی سیاسی مخالفت ہے۔