الوقت - ایران کی اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری نے کہا ہے کہ شام کے بحران کے حل کے لئے سیاسی مذاکرات، شامی فریقوں کے درمیان اور ان کی نگرانی میں ہونے چاہئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، علی شمخاني نے اتوار کو دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی۔ انہوں نے اس ملاقات میں تاکید کی کہ اقوام متحدہ اور مؤثر ممالک کو بحران کے حل میں صرف سہولت فراہم کرنے والوں کا کردار ہی ادا کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ ایران کی اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری علی شمخاني، روس اور شام کے ساتھ ایران کے سیاسی، سیکورٹی اور دفاعی اقدامات کے کوارڈینیٹر ہیں۔
علی شمخاني نے کہا کہ مزاحمتی محاذ کے ساتھ تہران، دمشق اور ماسکو کے درمیان نزدیکی تعاون سے سیاسی شعبے اور میدان جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ علی شمخاني نے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور سیاسی عمل کو ناکام بنانے کے مقصد سے کچھ مشتبہ اقدامات کی جانب سے خبردار کیا اور کہا کہ ایران، شام میں خونریزی اور جنگ کے خاتمے کے لئے سیاسی عمل میں مدد فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ہے۔
ایران کی اعلی قومی سیکورٹی کونسل کے سکریٹری علی شمخاني نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اب یہ کوشش کی جانی چاہئے کہ شام کے سیاسی مذاکرات، متحد شام کے دارالحکومت کے طور پر دمشق منتقل ہوں، کہا کہ وہ ممالک جنہیں شام میں اپنی غلطیوں کے اعتراف کی جرآت نہیں ہے اور اپنے غلط رویے پر بدستور تاکید کر رہے ہیں، یقینی طور پر ان کو شدید مسائل اور ناگزیر نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔