الوقت - لبنان کے وزیر اعظم نے ایران کے ساتھ تعلقات کی توسیع پر تاکید کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کے وزیر اعظم سعد الحریری نے بیروت میں ایران کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں کہا کہ ایران علاقے کا ایک طاقتور ملک ہے اور دو طرفہ تعاون کی توسیع کے لئے بہت زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں۔
سعد الحریری نے ملک کے اقتصادی امور کے وزیر سے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تعلقات کے نئے افق کھولنے اور دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے اقدامات کریں۔
لبنان کے وزیر اعظم نے زور دیا کہ مسلمانوں کے درمیان متعدد اشتراکات پائے جاتے ہیں جبکہ اختلافات بہت کم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو اپنے اختلافات ختم کرکے مشترکہ مفادات پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے۔
سعد الحریری نے کہا کہ اسلامی ممالک کا باہمی تعاون، ایک بڑی اقتصادی طاقت میں تبدیل ہو سکتا ہے اور اس وقت عالم اسلام کی پوزیشن مزید بہتر اور بالا ہوگی۔
اس ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایران کی پارلیمنٹ میں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے علاقے میں مستقل امن کے قیام اور اسلامی ممالک کے مسائل کے حل پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشعل عون کے صدر بننے اور حکومت کے قیام کے بعد لبنان میں ایک نیا مرحلہ شروع ہو گیا ہے اور ایران، لبنان کے ساتھ تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کی توسیع کا خواہاں ہے۔
علاء الدین بروجردی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور لبنان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے لئے وسیع امکانات موجود ہیں اور لبنان کے وزیر اعظم نے بھی دونوں ممالک کے درمیان پرائیویٹ سیکٹر کی توسیع پر زور دیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور لبنان اس بات پر متفق ہیں کہ شام کے بحران کے حل کا واحد راستہ، سیاسی راستہ ہے۔