الوقت - شام کے حلب شہر کے شمال میں واقع الاعزاز میں ہائی کورٹ کے سامنے ہوئے کار بم دھماکے میں دسیوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
موصولہ خبروں کے مطابق اس دھماکے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے اور کئی زخمی ہوئے۔
کار بم دھماکے سے عدالت، ریڈ کریسنٹ، میونسپل کارپوریشن اور اسی طرح معذور لوگوں کے مرکز کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دسیوں دیگر عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
گزشتہ ماہ حلب کی آزادی کے بعد ہونے والا یہ دوسرا شدید دھماکہ ہے۔ 24 دسمبر کو بھی حلب شہر کے مشرقی علاقوں میں بم دھماکوں میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے۔ یہ دھماکہ ایک اسکول میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے نصب کئے گئے بم کے پھٹنے سے ہوا تھا۔
واضح رہے کہ حلب شہر جو کبھی شام کا صنعتی مرکز سمجھا جاتا تھا، گزشتہ کئی مہینوں سے تکفیری دہشت گردوں اور شامی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا مرکز بنا ہوا تھا۔
اس شہر کے مشرقی حصے پر تقریبا چار سال پہلے دہشت گردوں نے قبضہ کر لیا تھا جبکہ مغربی حصہ شامی فوج کے کنٹرول میں تھا۔ مہینوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد دسمبر میں شامی فوج نے حلب شہر کو دہشت گردوں کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد کرا لیا تھا۔