الوقت - روس نے اعلان کیا ہے کہ مشرقی حلب میں دہشت گردوں کے جنگی جرائم کے بارے میں ثبوت جمع کئے جائیں گے اور انہیں شائع کیا جائے گا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ حلب میں دہشت گردوں کے جنگی جرائم کے بارے میں تمام شواہد اور ثبوتوں کو جمع کیا جائے گا اور پھر ان کو شائع کیا جائے گا۔
دہشت گردوں کے چنگل سے حلب کی آزادی کے بعد، مشرقی حلب میں اس گروہ کے جنگی جرائم کے بارے میں متعدد ثبوت ملے ہیں۔ روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ان تمام شواہد اور ثبوتوں کو بڑی دقت کے ساتھ جمع کیا جائے گا اور شامی شہریوں کو اذیتیں دینا اور ان کو موت کے گھاٹ اتارنا، ان جرائم میں شامل ہوں گے۔ روس کا کہنا ہے کہ اس تفتیش کے نتائج کو وسیع سطح پر شائع کیا جائے گا۔
روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور كوناشنكوف نے اس بارے میں کہا کہ بہت سی اجتماعی قبریں ملی ہیں جن میں دسیوں افراد کو ہلاک کر دفن کیا گیا ہے اور مرنے والوں کے جسم پر اذیتوں کے نشانات تھے اور ان سے پتہ چلتا ہے کہ دہشت گردوں نے ان لوگوں کو بہت مختصر فاصلے سے گولی ماری تھی۔ ان میں سے کچھ لوگوں کے جسم ٹکڑے ٹکڑے تھے۔
روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ مشرقی حلب سے نکلنے سے پہلے دہشت گرد گروہوں نے گلیوں، کوچوں سڑکوں، گھروں، گاڑیوں اور حتی بچوں کے کھلونے تک میں بم نصب کر دیئے تھے۔