الوقت - شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ حلب کی آزادی، دہشت گردی سے جدوجہد کرنے والوں بالخصوص ایران اور روس کی فتح ہے۔
شام کے صدر بشار اسد نے جمعرات کو ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابري انصاری اور ان کے ساتھ شام کے دورے پر گئے اعلی سطحی وفد سے ملاقات میں کہا کہ حلب میں فتح، اسی طرح شامی قوم کے تمام دشمنوں کی شکست ہے جنہوں نے اپنے مفادات کے حصول کے لئے دہشت گردی کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا۔
بشار اسد نے حلب کی کامیابی کو پورے ملک میں دہشت گردی کی سرکوبی اور دہشت گردی سے جدوجہد کی راہ میں اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے شام میں جاری جنگ کے خاتمے کے لئے مناسب موقع فراہم ہوا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور شام کے اسٹرٹیجک تعلقات نے دونوں ممالک اور علاقائی ممالک کو غیر ملکی سازشوں اور ان کے منصوبوں سے محفوظ کر دیا ہے۔
جابري انصاری نے کہا کہ ان کا ملک شام کے ساتھ تعلقات کو وسیع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہران، دہشت گردی سے مقابلے میں شامی قوم کی مزاحمت میں اضافے اور اس کو مضبوط کرنے کے لئے تمام امکانات کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ شام کے صدر بشار اسد اور ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین جابري انصاری نے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور جابري انصاری نے بشار اسد کو ملت شام پر مسلط جنگ کے خاتمے کے لئے تہران کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی رپورٹ بھی پیش کی۔