الوقت - نیٹو کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ نیٹو کا شام میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ اس سے شام کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
نیٹو کے سکریٹری جنرل ینس اسٹولٹنبرگ نے نیٹو- روس کونسل کے اجلاس کے موقع پر جو دو شنبہ کو منعقد ہونے والا ہے، کہا کہ نیٹو، روس کے ساتھ تعلقات کشیدہ کرنے کی کوشش میں نہیں ہے اور نئی سرد جنگ شروع کرنے کے درپے نہیں ہے۔
نیٹو اور روس کونسل کا اجلاس دوشنبہ کو سفیروں کی سطح پر برسلز میں منعقد ہوگا۔ مشرقی یوکرین کے بحران کے بعد سے روس اور نیٹو کے درمیان تعلقات کی کشیدگی کے بعد پہلا اجلاس 20 اپریل کو منعقد ہوا تھا لیکن زیادہ نتیجہ خیز نہیں رہا۔ اسی طرح نیٹو اور روس کی کونسل کا دوسرا اجلاس 13 جولائی کو برسلز میں منعقد ہوا تھا۔
اسٹولٹنبرگ نے بحران شام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو کا شام میں فوجی مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ اس سے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم شام میں ایک وحشیانہ انسانی المیہ کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ شام کے بارے میں نیٹو کے ارکان کا متفقہ فیصلہ ہے کہ شام میں فوجی مداخلت، حالات کو مزید خراب کردے گی۔