الوقت - بان کی مون کے جانشین اقوام متحدہ کے نئے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیریس نے اپنے عہد کا حلف اٹھا لیا ہے۔
پرتگال کے 67 سالہ سابق وزیر اعظم انٹونیو گٹیریس یکم جنوری کو بان سے اقوام متحدہ کی کمان سنبھالیں گے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے طور پر بان کا پانچ سال کا دوسرا دور31 دسمبر کو پورا ہوگا ۔ گٹیریس اقوام متحدہ کے نویں جنرل سکریٹری بنے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر جان ولیم ایش کی جانب سے جنرل سکریٹری کے عہدے کا حلف دلائے جانے کے بعد گٹیریس نے 193 رکن ممالک سے خطاب کیا اور کہا کہ اس عالمی ادارے کو مرکزیت اور اپنی بیوروکریسی کو لچکدار بنانے کے لئے کام کرنا چاہئے۔
انہوں نے جنرل اسمبلی سے کہا اگر اسے علاقے میں عملے کے ارکان کو تعینات کرنے میں نو ماہ لگ جاتے ہیں تو اس سے کسی کا فائدہ نہیں ہے۔ انہیں جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر بان کا جانشین مقرر کیا تھا۔ پندرہ رکنی سلامتی کونسل نے اکتوبر میں اس عہدے کے لئے ان کے نام کو متفقہ طور پر حتمی منظوری کے لئے جنرل اسمبلی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔