الوقت - ترکی کے شہر استنبول میں ہفتے کی رات شکیتاش محلے کے نزدیک ودافون اَرِنا نامی فٹبال اسٹیڈیم کے باہر دو بم دھماکے ہوئے جن میں 29 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ کم سے کم 166 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے اسے ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔
ترک حکومت کا کہنا ہے کہ فٹبال اسٹیڈیم کے باہر ہوا دھماکہ دہشت گردانہ حملہ تھا، جس کا مقصد پولیس اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانا تھا تاہم ابھی تک کسی گروہ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق حملہ پولیس کو نشانہ بنانے کے لئے کیا گیا تھا اور مارے گئے لوگوں میں پولیس والے بھی شامل ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، گاڑی میں دھماکے ترکی کے دو مشہور فٹ بال کلب کے درمیان میچ کے ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد ہوا۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں بھی زیادہ تر پولیس والے ہی شامل ہیں ۔
حکومت نے سیکورٹی کے پیش نظر میڈیا پر پابندی عائد کر دی ہے۔ فی الحال پولیس نے دھماکے والی جگہ کو سيل کر دیا ہے۔ دھماکے کے بعد ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے ٹویٹ کر واقعہ کی مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کی ہے۔
ترکی کے وزیر داخلہ کے مطابق پہلا دھماکے اسٹیڈیم کے باہر ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ مکہ پارک کے قریب ہوا۔ ترکی کے مقامی ٹی وی چینل کے مطابق دھماکہ اینٹی فساد پولیس وین کو ہدف بنا کر کیا گیا تھا جو شائقین کے جانے کے بعد اسٹیڈیم سے واپس جا رہی تھی۔