الوقت - حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ حزب اللہ اور اس ملک کے صدر میشل عون کے تعلقات بہت اچھے اور باہمی احترام و اعتماد پر مبنی ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے جمعہ کی رات اپنے ایک خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے لبنان کی سیاسی حالات پر روشنی ڈالی اور علاقائی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا علاقہ نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور بہت سی سازشوں اور منصوبوں پر پانی پھر رہا ہے، اس لئے لبنان کے تمام گروہوں اور جماعتوں کو ملک کی تعمیرنو کے لئے متحد ہو جانا چاہئے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ امریکا اور مغرب، دہشت گردوں کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد کرتے ہیں اور یہ وہی چیز ہے جس کا ڈونالڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے اور جس کا پتا ہلیری کلنٹن کے ای میلز سے بھی چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام اور حلب میں فیصلہ کن فتح قریب ہے۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ علاقے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور حلب میں فتح شام، موصل اور دیگر تمام علاقوں میں جاری جنگوں کو متاثر کرے گی۔
حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے مسلمانوں اور عیسائیوں کی عیدوں بالخصوص عید میلاد النبی (ص) اور روز ولادت حضرت عیسی مسیح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مسلمان اور عیسائی اپنے مذہب اور تہذیب کے شعبے میں بہت سے چیلنجوں اور خطرات کا سامنا کر رہے ہیں اور یہ خطرے انہیں فلسطین، عراق، شام، نائجیریا اور دیگر علاقوں میں ہیں اور اسلام و عیسائیت کی مقدسات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کی ایک مثال فلسطین میں اذان پر پابندی ہے۔