الوقت - مشرقی حلب میں شام کی فوج اور اس کے اتحادیوں کی پیشرفت جاری ہے اور مشرقی حلب کے 85 فیصد علاقوں پر فوج کا قبضہ ہو گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب کے 45 علاقوں میں سے 36 پر فوج کا قبضہ ہو گیا ہے اور اب صرف 15 فیصد علاقے تکفیری دہشت گردوں کے قبضے میں باقی بچے ہیں۔ مشرقی حلب کے تمام علاقوں سے فوج کی پیشرفت تیزی سے جاری ہے اور دہشت گرد صرف 15 فیصد علاقوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ کچھ ذرائع کا کہنا ہے در اصل مشرقی حلب پر فوج کا قبضہ ہو گیا ہے تاہم فوج نے پاکسازی کا کام شروع کر دیا ہے اور مناسب وقت پر فوج اس کا اعلان کرنے والی ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی نےشام سے رپورٹ دی ہے کہ قدیمی حلب کے شمالی حصوں اور قلعے کے اطراف کو فوج نے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا ہے۔ ان محلوں میں کرم الجبل ،المشاطیة، قاضی عسکر، أغیور، ساحة التنانیر ، قسطل مشط ، قسطل الحرامی، العریان، الفرافرة ،الکلدانیة، باب الحدید، باب النصر شامل ہیں۔ فوج نے اسی طرح باب النیرب و المعادی کے جب القبه و الصفصافه محلوں کو بھی دہشت گردوں سے آزاد کرا لیا ہے اور یہ علاقے پوری طرح فوج کے قبضے میں ہیں۔
دوسری جانب شام کی فوج کے دوسرے دستے نے مشرقی حلب کے جنوب مشرقی محلوں میں اپنی پیشرفت جاری رکھی ہے اور المرجه اور الشیخ لطفی محلوں کو آزاد کرا لیا ہے۔