الوقت - فرانس کی دائیں بازو کی نیشنل فرنٹ پارٹی کی رہنما نے کہا ہے کہ غیر قانونی پناہ گزین بچوں کو تعلیمات سے محروم رکھا جائے۔
میرن لی پین نے جمعرات کو پیرس میں ایک اجلاس میں کہا کہ میں غیر ملکیوں کی مخالف نہیں ہوں لیکن ان سے کہتی ہوں کہ اگر ہمارے ملک میں آتے ہیں تو ہم سے اس بات کی توقع نہ رکھیں کہ ہم آپ کا خیال رکھیں گے، ہمارے طبی نظام سے آپ کا علاج ہوگا اور آپ کے بچے مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اب یہ حالات ختم ہو چکے ہیں اور آرام کی گھڑی گزر چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میرا خطاب ان پناہ گزینوں سے ہے جو غیر قانونی طور پر فرانس میں داخل ہوئے ہیں نہ کہ اس ملک میں رہنے والے تمام غیر ملکیوں سے۔
نیشنل فرنٹ پارٹی کی اس رہنما نے کہا کہ ان غیر ملکیوں کو پیسہ دینا چاہیے جو ٹیکس دیے بغیر سرکاری تعلیمی نظام سے استفادہ کر رہے ہیں۔
نیشنل فرنٹ پارٹی ان پارٹیوں میں سے ہے جو پناہ گزینوں کی مخالف ہے اور عام طور پر وہ غیر ملکیوں کو سوشل خدمات دینے کی مخالف ہے۔
لی پین فرانس کو يوروزون سے نکالنے کی بھی حامی ہیں اور یورپی یونین میں رکنیت جاری رکھنے کے سلسلے میں وہ ریفرنڈم کرنا چاہتی ہیں۔