الوقت - ایک ٹی وی چینل نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کے روز شام کی فوج نے تیزی سے اپنی پیشرفت جاری رکھتے ہوئے مشرقی حلب سے 70 فیصد علاقوں کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کر دیا ہے اور اب دہشت گردوں کے کنٹرول میں کچھ محدود علاقے ہی باقی بچے ہیں اور فوج نے دہشت گردوں کو علاقہ چھوڑنے کے لئے آخری موقع دیا ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، المیادین ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ مشرقی حلب میں دہشت گردوں کی شکست کی علامتیں صاف ظاہر ہونے لگی ہیں۔ اس سے پہلے شام کی فوج اور اس کے اتحادیوں نے مشرقی حلب کے المیسر، جورہ عواد اور ظہرہ عواد محلوں کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔
فوج کے ایک ذرائع نے بتایا کہ شام کی فوج اتوار کو دہشت گردوں کے متعدد محاذوں کو منہدم کرنے اور دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان محلوں پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہی تھی۔
تسنیم نیوز نے شام سے رپورٹ دی ہے کہ شام کی فوج نے مشرقی حلب کے جنوب میں واقع الحلوانیہ محلے الجزماتی اسکوائر پر قبضہ کرتے ہوئے اپنی پیشرفت جاری رکھی تھی اور فوج توپخانوں اور میزائل سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
2011 سے حلب مشرقی اور مغربی دو حصوں میں تقسیم ہے۔ مغربی علاقے پر فوج اور حکومت کے حامیوں کا قبضہ ہے جبکہ مشرقی علاقے پر دہشت گردوں کا قبضہ تھا۔